اسلام آباد میں بارشوں کے باعث مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز بند کر دئیے گئے
فوٹو : فائل
اسلام آباد : اسلام آباد انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارش کی پیشگوئی کے بعد مارگلہ ہلز کے تمام اہم ہائیکنگ ٹریلز آج عام شہریوں کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ صاحبزاہ محمد یوسف کے دستخط سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹریل نمبر 2، 3، 4، 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں موجود ٹریل بند رہیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیشِ نظر آج کسی بھی ٹریل پر جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات نے اگلے بہتر (72) گھنٹوں میں شدیدبارش اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث نہ صرف ٹریلز پھسلن کا شکار ہو سکتے ہیں بلکہ نالوں میں طغیانی اور زمین کھسکنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں جس سے ہائیکرز اور سیاحوں کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
مارگلہ ہلز نیشنل پارک اسلام آباد کا ایک اہم قدرتی تفریحی مقام ہے، جہاں سال بھر شہری اور سیاح ہائیکنگ اور پکنک کے لیے آتے ہیں۔ بارشوں کے دوران ماضی میں کئی مرتبہ حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں ہائیکرز پھسل کر زخمی ہوئے یا نالوں میں بہہ گئے۔
انہی خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ بارشوں یا شدید موسمی حالات کے دوران حفاظتی اقدامات کے طور پر ٹریلز کو عارضی طور پر بند کر دیتی ہے۔
انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے ہدایت پر عمل کریں اور موسم بہتر ہونے تک مارگلہ ہلز کے ٹریلز پر جانے سے گریز کریں۔
اسلام آباد میں بارشوں کے باعث مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز بند کر دئیے گئے
Comments are closed.