سول و عسکری تعاون ہی بلوچستان کے مسائل کا حل ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
فوٹو : آئی ایس پی آر
راولپنڈی :فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف، سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرأت) نے تربت، بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سکیورٹی صورتحال، فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز، جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ اور سول انتظامیہ سے ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گڈ گورننس، عوامی مفاد پر مبنی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور خوشحالی کے لیے سول و عسکری اداروں کا قریبی تعاون ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل نے پاک فوج کے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور ترقی صرف مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہے۔
فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ تیاری اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا اور مشکل حالات میں امن قائم رکھنے پر تعریف کی۔
تربت آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کور کمانڈر بلوچستان نے استقبال کیا۔
Comments are closed.