عطا تارڑ عمران خان کی ضمانت پر تلملا اٹھے،پی ٹی آئی کوخوشیاں نہ منانے کا مشورہ
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ عمران خان کی ضمانت پر تلملا اٹھے،پی ٹی آئی کوخوشیاں نہ منانے کا مشورہ دیا،ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمانت کا مطلب بریت نہیں ہوتا، کیسز کے ٹرائل جاری ہیں اور انہیں منطقی انجام تک پہنچنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات پوری قوم نے دیکھے اور ان کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے جنہوں نے سازش کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 9 مئی کے واقعات کا کوئی دفاع موجود نہیں، صرف جھوٹے بیانیے کے سہارے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ضمانت پر خوشیاں مناکر خود کو دھوکہ دے رہے ہیں، حالانکہ ضمانت قاتل اور ڈکیت کو بھی مل جاتی ہے۔
قوم نے پہلے ہی پی ٹی آئی کے بیانیے کو رد کردیا ہے، اب جھوٹی خوشی مناکر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اپنے دفاع میں کچھ بھی پیش نہ کرسکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کابینہ سے بند لفافے میں معاہدے کی منظوری لی اور انگھوٹھیاں بھی بطور تحفہ وصول کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ضمانت ملنے پر اتنا جشن سمجھ سے باہر ہے کیونکہ بانی پی ٹی آئی اب بھی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں قید ہیں اور ضمانت سے رہائی ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شبلی فراز اور عمر ایوب کو بھی سزا ہوئی اور ضمانت ملی، مگر ان کی رہائی نہیں ہوئی۔ اسی طرح عمران خان کے خلاف بھی ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ابھی تو توشہ خانہ ٹو کیس بھی زیر سماعت ہے جس میں بار بار تاریخ لی جارہی ہے۔
Comments are closed.