مودی کیلئے سخت پیغام: سندھ طاس معاہدہ نہ مانا تو چھ کے چھ دریا چھین لیں گے
فوٹو : پیپلزپارٹی
کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو ماننے پر مجبور کریں گے، اور اگر بھارت نے معاہدہ نہ مانا تو چھ کے چھ دریا چھین لیں گے۔
نیو حب کینال کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے تعاون سے مکمل ہوا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کو 100 ایم جی ڈی اضافی پانی فراہم کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کی محنت سے جلد ہی لیاری سمیت دیگر علاقوں کو زیادہ پانی فراہم کیا جا سکے گا۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کو "شہباز اسپیڈ” کے بجائے "شہباز سلو” ملا ہے، جبکہ پنجاب کیلئے تیز رفتار ترقیاتی اقدامات دیکھنے کو ملتے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں تاریخی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جو سب کے سامنے ہیں۔ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت معاہدہ توڑنے کی کوشش کر رہا ہے اور پاکستانی عوام کے خلاف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں کی نقل کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی سرکار کو پیغام ہے کہ کراچی والے سندھو دریا کے دفاع کیلئے تیار ہیں، بھارت کو سفارتی سطح پر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور اسے سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرنی پڑے گی۔
مودی کیلئے سخت پیغام: سندھ طاس معاہدہ نہ مانا تو چھ کے چھ دریا چھین لیں گے
Comments are closed.