پاکستانی کرکٹر حیدر علی سنگین قانونی الزام کی زد میں آگئے، برطانیہ چھوڑنے پرپابندی عائد

حیدر علی سنگین قانونی الزام کی زد میں آگئے، برطانیہ چھوڑنے پرپابندی عائد
52 / 100 SEO Score

فوٹو: فائل

مانچسٹر: برطانیہ میں پاکستانی کرکٹر حیدر علی سنگین قانونی الزام کی زد میں آگئے، برطانیہ چھوڑنے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق 4 اگست 2025 کو جنسی زیادتی کی شکایت موصول ہوئی، جس کا مبینہ طور پر وقوعہ 23 جولائی 2025 کو مانچسٹر کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس نے الزام کی بنیاد پر 24 سالہ حیدر علی کو گرفتار کیا، تاہم ابتدائی تفتیش کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

عدالت کی ہدایت پر حیدر علی کو دو ہفتے بعد دوبارہ طلب کیا گیا ہے، اور اس دوران ان پر برطانیہ سے باہر جانے کی پابندی عائد ہے۔

تاحال حیدر علی یا ان کے وکلا کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

تاہم ذرائع کے مطابق، واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ دورے کے دوران پیش آیا، جہاں ٹیم نے مختلف پریکٹس اور میچز میں حصہ لیا۔ حیدر علی نے اس دورے میں 6 میچز کھیل کر 159 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حیدر علی کو معطل کر دیا ہے۔

بورڈ نے کہا ہے کہ حیدر علی مانچسٹر پولیس کے ایک کرمنل کیس میں شامل تفتیش ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔

پی سی بی کے مطابق، وہ برطانیہ کے قانونی عمل کا احترام کرتے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

بورڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور کیس کے دوران ٹیم یا کرکٹ کے دیگر معاملات میں وہ حصہ نہیں لیں گے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف کھلاڑی کے کیریئر کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے امیج پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

Comments are closed.