مینٹورشپ مکمل کرنے والے اڑھائی سو طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم
فوٹو : پی آر
اسلام آباد :پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (ہلال احمر پاکستان) کے زیر اہتمام ورلڈ یوتھ ڈے کی مناسبت سے فاطمہ جناح آڈیٹوریم، اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مینٹورشپ مکمل کرنے والے اڑھائی سو طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ اور پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول میں نوجوانوں کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے طلبہ کی جانب سے آب صفا، خودمختار پراجیکٹ اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی شمولیت پر مبنی خدمات کو قومی اور عالمی سطح پر سراہا۔
فرزانہ نائیک نے شرکاء کو مینٹورشپ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انسانیت سے وابستگی اور کمیونٹی سروس میں نوجوانوں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہلال احمر پاکستان یوتھ ویک کے دوران شجرکاری، روڈ سیفٹی اور صحت عامہ سے متعلق آگاہی مہمات بھی جاری رکھے گا۔
افتتاحی خطاب میں سیکریٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبید اللہ خان نے ادارے کی تاریخ اور موجودہ سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان تبدیلی کے اصل محور ہیں اور مینٹورشپ پروگرام ہلال احمر کی پہچان بن چکا ہے۔
تقریب میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس و کریسنٹ، آئی سی آر سی، نارویجن، جرمن اور ترکش ریڈ کریسنٹ کے نمائندوں کے علاوہ سول سوسائٹی، رضاکار اور ہلال احمر سٹاف نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے موٹیویشنل سپیکر زیدان خان نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ قوموں کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ہلال احمر کی جانب سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کو سراہا۔
یوتھ کلب کی شاندار کارکردگی پر کیڈٹ کالج حسن ابدال اور روٹس انٹرنیشنل سکول کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ تقریب میں طلبہ کی سرگرمیوں پر مبنی ڈاکیومینٹریز بھی دکھائی گئیں۔
آخر میں ورلڈ یوتھ ڈے کا خصوصی کیک کاٹا گیا اور تمام شرکاء نے ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کا حلف لیا۔
Comments are closed.