عاصم کھچی نے میگا سکینڈل بے نقاب کیا، معاملہ خود آگے بڑھاؤں گا، وزیر اطلاعات
فوٹو : فائل
اسلام آباد : ایم ڈی اے پی پی عاصم کھچی نے میگا سکینڈل بے نقاب کیا، معاملہ خود آگے بڑھاؤں گا، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا ایم ڈی محمد عاصم کھچی نے قومی خبررساں ادارے اے پی پی کے فنڈز میں خوردبرد کا میگا سیکنڈل بے نقاب کیا ہے
وہ بدھ کوسینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات اجلاس میں سینیٹر سرمد علی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر اظہار خیال کررہے تھے۔
قائمہ کمیٹی اجلاس کی صدارت سینیٹر علی ظفر نے کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی،سینیٹر پرویز رشید، سینیٹرجان محمد بلیدی، سینیٹر سید وقارمہدی جبکہ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات عنبرین جان، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق خلیل کے علاوہ وزارت اطلاعات ونشریات کے دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
سینیٹر سرمد علی نے اجلاس کے دوران سوال اٹھایا کہ اے پی پی کے فنڈز میں خورد برد کا معاملہ سامنے آیا ہے، ای آر سی اور پی ایف فنڈ میں 1.23 ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے سے خوردبرد کی گئی،
یہ مالی بدعنوانی 6 سے زائد ملازمین کے ایک منظم نیٹ ورک کے ذریعے کئی سالوں (2019 تا 2024) تک جاری رہی۔
واضح شواہد، بشمول بینک سٹیٹمنٹس، آڈٹ رپورٹس اور دیگر مالیاتی دستاویزات کی موجودگی کے باوجود تقریبا ایک سال گزرنے کے بعد بھی ایف آئی اے نے اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی جو اس اہم قومی نوعیت کے مقدمے میں تاخیر کو ظاہر کرتا ہے۔
سینیٹر سرمد علی کے سوال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے اے پی پی فنڈز میں خوردبرد کے ایک میگا سیکنڈل کو بے نقاب کیا ہے.
انھوں نے کہا کہ اس معاملے کو میں خود آگے بڑھاوُن گا۔اجلاس کے بعد سینیٹر سید وقار مہدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی پی فنڈز میں میگا کرپشن کا سامنے آنا تشویشناک ہے، ایوان کے اندر بھی یہ معاملہ اٹھائوں گا۔
سینیٹر سید وقار مہدی نے کہا کہ اے پی پی میں کرپشن ثابت ہونے پر ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے کا اندراج نہ کرنے پر حیرت ہے۔
Comments are closed.