پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے مابین کراچی میں پہلی دو طرفہ مشق
فوٹو : سکرین گریب
کراچی: پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے درمیان پہلی دو طرفہ مشق کا کامیاب انعقاد کراچی میں ہوا۔پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے مابین کراچی میں پہلی دو طرفہ مشق میں پاک بحریہ اور ترک نیوی کے اسپیشل فورسز یونٹس نے مشترکہ مشقوں میں بھرپور شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں سمندر اور خشکی پر مختلف نوعیت کے آپریشنز کے مظاہرے پیش کیے گئے، جن میں شہری علاقوں میں فوجی کارروائیاں بھی شامل تھیں۔
ان مشقوں میں جدید ہتھیاروں کی فائرنگ اور جنگی منظرناموں پر مبنی عملی مظاہرے بھی شامل تھے، جنہوں نے شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔
اس مشق کا بنیادی مقصد ساحلی علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کی تیاری، حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنانا اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو فروغ دینا تھا۔

یہ مشق نہ صرف عسکری سطح پر ہم آہنگی کا مظہر ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی بھی توثیق کرتی ہے۔
یہ دوطرفہ مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی اعتماد کو بڑھانے کی ایک اہم کاوش ہے۔
Comments are closed.