حیدرآباد میں جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق
حیدرآباد(ویب ڈیسک) ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مسافر ٹرین سامنے کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، ٹرین ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ کے بعدحیدرآباد اسٹیشن کے سپریٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس اپنے ہی ٹریک پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا جب کہ کئی بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حادثے میں مسافر ٹرین کا ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور ایک گارڈ جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ کوٹری ریلوے اسٹیشن اور حیدرا?باد ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش ا?یا جس میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں۔
کراچی سے آنے والی مال گاڑی لطیف آباد نمبر پونے سات کے اپ ٹریک پر کھڑی تھی۔ریلوے حکام کے مطابق مال گاڑی کلیئرنس کا سگنل ملنے کے بعد روانہ ہونے ہی والی تھی کہ کراچی سے ہی آنے والی تیز رفتار جناح ایکسپریس مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور کوئلے سے بھری مال گاڑی کی ڈبے الٹ گئے۔ٹرین کے ٹکرانے کا دھماکا اتنا زوردار تھا کہ ارد گرد کے لوگ جمع ہوگئے۔
مسافر ٹرین کا ڈرائیور اسلم چانڈیو اور اسسٹنٹ ڈرائیور سید نعمان موقع پر ہی جاں بحق ہوچکے تھے جبکہ فائر مین یاسر بشیر شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر سول اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
حادثے میں جناح ایکسپریس کی بوگیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی مسافر زخمی ہوا، حادثے کا شکار جناح ایکسپریس کو انجن لگاکر واپس کوٹری بھجوادیا گیا۔
ریلوے ملازمین کا کہنا تھا کہ سگنل آٹومیٹک ہوتا ہے اس سگنل کو دیکھنا ڈرائیور کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
Comments are closed.