ہنگومیں سکیورٹی فورسز اورپولیس کا آپریشن،9 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ سے ڈی پی او زخمی
فوٹو: فائل اے ایف پی
ہنگو : ہنگومیں سکیورٹی فورسز اورپولیس کا آپریشن،9 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ سے ڈی پی او زخمی ہوئے جھنیں چار گولیاں لگنے پراسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
آپریشن کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو، دوآبہ کا تھانیدار اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے کا افسر زخمی ہوگئے۔
ہنگو کے علاقے زرگری شناواری میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔
اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو خالد خان، اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) دوآبہ اور سیکیورٹی فورسز کے ایک افسر زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، علاقے میں کلیئرنس تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت ڈی پی او ہنگو کے ہمراہ ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے زخمی ڈی پی او ہنگو خالد خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اُن کی بہادری اور عزم کو سراہا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح تک پر عزم ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے زخمی ہونے والے افسران سے بات کی، اور ان کی خیریت دریافت کی۔
آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو خالد خان کا کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوہاٹ میں آپریشن کیا جا رہا ہے، ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید خان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.