بانی پی ٹی آئی اور غلام سرور نے مل کر پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا،خواجہ آصف

فوٹو:فائل
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف دور کے وزیر ہوا بازی کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے قومی ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور غلام سرور نے مل کر پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا۔

پاکستان کا نام برطانیہ ایئر سیفٹی لسٹ سے نکلنے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکلنا اہم سنگ میل ہے، پی ٹی آئی دور حکومت میں ہوا بازی کے وزیر غلام سرور نے اپنے ہی ادارے پر الزام لگایا، پی ٹی آئی دور کے وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کے باعث یہ پابندی لگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کے وزیر ہوا بازی غلام سرور کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے قومی ایئرلائن کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، قومی وقار بھی مجروح ہوا، ان کا غیر ذمہ دارانہ بیان ریاست کیخلاف مجرمانہ اقدام تھا، انہوں نے اپنے بیان کی آج تک کوئی وضاحت نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پر پابندی کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر بھی عائد ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور غلام سرور نے مل کر پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا۔

وزیر دفاع نے سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کلین چٹ نہیں ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایک کروڑ کے قریب اوورسیز پاکستانی پی آئی اے کے ذریعے سفر کرتے ہیں، پابندی کے خاتمے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر آئے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پابندی ختم ہونے کا فائدہ پی آئی اے کی نجکاری میں بھی ہوگا، اگلے مرحلے میں پی آئی اے کی نجکاری کرنے جا رہے ہیں، پی آئی اے کے انٹرنیشنل روٹس بحال کر کے نجکاری کریں گے، عالمی ریگولیٹرز کے شکر گزار ہیں جن کی رہنمائی سے سنگ میل عبور کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کے روٹس کی بحالی کے معاملے میں ذاتی دلچسپی لی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو برطانیہ سے آپریٹ کرنے کی اجازت مل گئی ہے، آج پاکستان کے شعبہ ہوا بازی کیلئے اہم دن ہے، آج کی خوشخبری یہ ہے کہ نجکاری میں بھی پی آئی اے کی ویلیو بڑھے گی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نیویارک کی پروازیں بھی بحال ہوں، قومی ایئر لائن پر پابندی کیوں لگی اس کا تعین حکومت کی ذمے داری ہے، پاکستان بیرون ملک اپنی پروازوں کیلئے آپریٹنگ لائسنس کیلئے اپلائی کرے گا۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی بحالی اور ترقی میں کئی افراد اور اداروں کی محنت شامل ہے، اور آج کا دن پوری قوم کے لیے ایک ”یادگار دن“ ہے، میں پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، کیونکہ ہم ایک قومی ادارے کو دوبارہ بلندی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.