شریف خاندان نے نشان عبرت بن کربھی کچھ نہ سیکھا،فردوس عاشق
اسلام آباد(زمینی حقائق )معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے حکومت نے کرپشن کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے سربراہ کی تقرری آئندہ ہفتے کی جائے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم کے احساسات کی ترجمانی بجٹ میں ہوئی، بجٹ میں ترجیحات رکھی گئیں۔
انھوں نے کہابجٹ میں کچھ کڑوی گولیاں ضرور ہیں، ہم چاہتے ہیں آپ بجٹ کو شوگر کوٹڈ کرکے گولیاں نگلیں، نگلتے ہوئے کڑواہٹ ہوگی لیکن بعد میں ہر قسم کی تکلیف سے نجات پالیں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جان چلی جائے چوروں، لٹیروں کو نہیں چھوڑیں گے، ہر شخص کو اپنے اعمال کا حساب دیناہے، گلے سڑے نظام سیگند صاف کریں گے تو عمران خان کا مشن پورا ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاسابق وزیراعظم نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں ظل سبحانی کی زیارت کا دیدار کیا جارہا ہے، گدی نشین ہر جمعرات کو ظل سبحانی سے ملاقات کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز سے متعلق کہا کہ کل ایک راج کماری کنیزوں کے جھرمٹ میں کہہ رہی تھی ’اس کی جرات‘، ان کا غرور بتا رہا تھا کہ قہر کے شکار شریف خاندان نے نشان عبرت بن کربھی کچھ نہ سیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مکافات عمل ہے کہ باپ پابند سلاسل ہے، محترمہ کیا پدی اور کیا پدی کا شوربا، اپنی اوقات میں رہیں، ہمارے پاس کچھ اور بھی کہنے کو ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جن کو یہ مسٹر ٹن پرسنٹ کہتے تھے آج ان کے لیے سیاسی قیدی ہیں، عمران خان جوں جوں اداروں کو بااختیار کرے گا چوں چوں کا مربہ اکٹھا ہوگا، بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ کیسے عمران خان کی کردار کشی کررہا ہے۔
Comments are closed.