آصف زرداری جعلی بینک اکاونٹس کیس میں گرفتار
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا گیا ، اسلام آبادہائیکورٹ نے ضمانت مسترد کردی تھی۔
آصف زرداری کو جعلی بینک اکاوٴنٹس ریفرنس کے اے ون انٹرنیشنل کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، اس کیس میں زرداری سمیت ان کی بہن فریال تالپور بھی بینیفشریز میں شامل ہیں تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم جعلی اکاوٴنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زرداری ہاوٴس اسلام آباد پہنچی۔
زرداری ہاوٴس پہنچنے پر نیب ٹیم، آصف زرداری اور ان کے وکلاء کے درمیان کچھ دیر بات چیت ہوئی جس کے بعد سابق صدر نے گرفتاری دینے پر آمادگی ظاہر کردی۔
گرفتاری کے موقع پر آصف زرداری اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سے ملے اور انہیں گلے لگایا جب کہ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے اور گاڑی میں بیٹھتے وقت ان سے ملے۔
نیب کی ٹیم آصف زرداری کو زرداری ہاوٴس سے لے کر نیب راولپنڈی کے دفتر لے گئی جہاں تین رکنی میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کا معائنہ کیا اور انھیں تندرست قرار دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو منگل کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
گرفتاری سے قبل نیب نے ایک لیٹر کے زریعے سپیکر قومی اسمبلی کو عدالتی فیصلے اور چیئرمین نیب کی طرف سے وارنٹ گرفتار کے اجراء کے بارے میں بتا یا اور کہا ہے ہم عمل درآمد کرنے جارہے ہیں۔
نیب کی ٹیم نے فریال تالپور کو فوری طور پر گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سابق صدر کی گرفتاری کے موقع پر نیب کی ٹیم فریال تالپور کی گرفتاری کے وارنٹ بھی ساتھ نہیں لائی تھی۔
Comments are closed.