مون سون بارشیں،سیلاب،حادثات 50 سے زائد اموات،آج سے 5 جولائی تک الرٹ
فوٹو : فائل
اسلام آباد : مون سون بارشیں،سیلاب،حادثات 50 سے زائد اموات،آج سے 5 جولائی تک الرٹ جاری کیا گیا ہے، ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثات 26 جون سے اب تک ہوئے جس سے ملک بھر میں 50 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے کئی حصوں میں 29 جون سے 5 جولائی تک مون سون کی شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔
ادھر این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں بارشوں، تیز آندھی، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان میں خیبرپختونخوا کے علاقے سوات میں ایک ہی خاندان کے وہ 11 افراد بھی شامل ہیں جو سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوئے۔
اسی طرح سندھ میں 7 اور بلوچستان میں 4 اموات ہوئی ہیں۔ ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 26 جون سے اب تک پنجاب میں بارش اور آندھی سے متعلقہ ایمرجنسیز میں 24 افراد جاں بحق اور 94 زخمی ہوئے ہیں۔
این ای او سی نے اعلامیہ میں ملک کے کئی بڑے شہروں جیسے دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی سمیت دیگر میں موسلادھار بارش اور اربن فلڈنگ کے خطرے کے حوالے سے متنبہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بالاکوٹ، مری، گلیات میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی نے بھی حکام کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ دریائے کابل و سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، این ای او سی نے خاص طور پر سیاحوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو پیش نظر رکھیں.
Comments are closed.