فتنہ الہندوستان کے ایجنٹ بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
فوٹو:فائل
راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے ہلال ٹاکس 2025 پروگرام میں ملک بھر سے آئے 1950 اساتذہ کرام سے خطاب کیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے حربوں اور مذموم مقاصد سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر نامور تعلیمی شخصیات اور صحافیوں نے بھی ڈی جی آئی ایس پی آر سے گفتگو کی۔
اپنی گفتگو کے دوران، ڈی جی آئی ایس پی آر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ "بلوچستان کبھی پاکستان سے علیحدہ نہیں ہو سکتا، یہ ہماری معیشت اور ثقافت میں رچا بسا ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کا سرپرست ہے اور پورے خطے میں عدم استحکام کی جڑ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، فتنہ الہندوستان کے ایجنٹ بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، جو بھارت سے پیسے اور تربیت لے کر اس کی سہولت کاری سے پاکستان میں دہشت گردی پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ تعلیم، روزگار اور ترقی سے ہی ممکن ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ "دہشت گردوں کی لاشوں پر سیاست کرنے والے، دہشت گردی کے سہولت کار ہیں۔” کشمیر کے حوالے سے انہوں نے دوٹوک موقف اپنایا کہ "کشمیر پاکستان کا ہے، رہے گا، اس میں کوئی شک نہیں۔”
پاکستانی افواج کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ "افواجِ پاکستان، عوام کی فوج ہے، ان کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں۔ یہ فوج پولیو سے لے کر دہشت گردوں تک، ہر محاذ پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔” انہوں نے یہ بھی باور کرایا کہ بھارت کی اسٹریٹیجک غلط فہمیاں خاک میں مل چکی ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر اساتذہ کرام نے HILAL TALKS جیسے علمی و فکری پروگرامز کا انعقاد جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
Comments are closed.