ویسٹ انڈیز کی نیوزی لینڈ پر جیت،421 رنز بنا کر پاکستان کے لیے الارم بجا دیا
برسٹل (ویب ڈیسک) عالمی ورلڈکپ 2019 کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے مضبوط حریف نیوزی لینڈ کو پہلے 421 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا پھر میچ بھی جیت کر پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
یاد رہے پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا افتتاحی میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گااور پاکستان کو وارم اپ میچ میں افغانستان نے ہرا دیا تھا۔
برسٹل میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے غلط ثابت کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز جارح مزاج کرس گیل اور لیوس نے کیا اور ٹیم کو 59 رنز کا آغاز دیا تاہم گیل 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کالی آندھی کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے شائی ہوپ اور آندرے رسل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کیویز کو پہاڑ جیسا ہدف دیا، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 421 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ 101، رسل 54 اور لیوس 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیویز اچھا آغاز نہ کرسکے اور 33 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی تین کھلاڑی پویلین لوٹے۔
کیویز کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 330 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور اسے میچ میں 91 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹوم بلنڈر نے سنچری بنائی جو کہ رائیگاں گئی جب کہ کین ولیمسن 85 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویٹ نے 3، ایلن نے 2، کوٹ ریل، روچ، تھامس اور نرس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Comments are closed.