بشریٰ بی بی کو جیل میں دستیاب سہولیات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع

42 / 100 SEO Score

فائل:فوٹو
اسلام آباد:سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل اور ظہیر عباس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ جنرل آفس نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔ عدالت نے جیل سہولیات سے متعلق رپورٹ وکیل درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کو جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے اور دن میں 2 بار طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ بشریٰ بی بی کو میٹرس، کرسی، ٹیبل اور کتابوں کی الماری بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ کمرے میں لائٹ اور پنکھے کا انتظام بھی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق موسم گرما میں روم کولر فراہم کیا گیا ہے اور جیل میں ایل سی ڈی کی سہولت بھی موجود ہے۔ بشریٰ بی بی کو جیل میں علیحدہ کچن کی صورت میں کوکنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے جبکہ کھانے کا پہلے میڈیکل آفیسر معائنہ کرتا ہے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ رپورٹ دیکھ لیں اور آئندہ سماعت پر اپنا موقف پیش کریں، کیس کی آئندہ سماعت روسٹر کے مطابق جاری کر دی جائے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
ادھر انسداد دہشتگری عدالت کے جج امجد علی شاہ نے نومبر احتجاج کے 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 20 مئی تک توسیع کر دی۔
سماعت کے موقع پر تمام تفتیشی افسران موجود تھے، پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے استغاثہ کی جانب سے ریکارڈ پیش کیا۔
بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک نے تمام مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست کی اور استدعا کی کہ ملزمہ کو ان کے شوہر اور قانونی ٹیم کی موجود میں شامل تفتیش کی جائے۔
جج امجد علی شاہ نے شامل تفتیش کرنے سے متعلق استدعا منظور کر لی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کو شوہر بانی پی ٹی آئی اور قانونی ٹیم کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔

Comments are closed.