وزیراعظم کے خوشاب، سرگودھا اور تلہ گنگ کے اسپتالوں کے اچانک دورے
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے سرگودھا ، خوشاب اور تلہ گنگ کے سرکاری اداروں ، ہسپتالوں ، تھانوں ، سکولوں، پناہ گاہوں اور ترقیاتی سکیموں کے اچانک دورے کئے۔
وزیراعظم نے بغیر بتائے دوروں کا فیصلہ عوام الناس کا احساس کرتے ہوئے انتظامیہ کی بھرپور اور براہ راست نگرانی یقینی بنانے کیلئے کیاہے۔
وزیراعظم عمران خان ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا پہنچے جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کادورہ کیا۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا اور سینیٹرفیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے خیریت دریافت کی اور بچوں کے وارڈ میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال سرگودھامیں مریضوں کے لواحقین اورلوگوں نے وزیراعظم کو مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے بعد ڈی ایچ کیوخوشاب پہنچے جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا۔
وزیراعظم نے علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔وزیراعظم کو ہسپتال میں دستیاب سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔
سرگودھا اور خوشاب کے بعد وزیر اعظم عمران خان تلہ گنگ پہنچے جہاں انہوں نے تلہ گنگ سٹی تھانے کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے اندراج شکایات رجسٹر کا بھی جائزہ لیا۔
۔وزیراعظم نے تھانے کے لاک اپ میں قید ملزموں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام تھانے سے خوف کی بجائے تحفظ محسوس کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تلہ گنگ کابھی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا۔
Comments are closed.