کٹھ پتلی اور جعلی وزیراعظم کو نہیں مانتی: مریم نواز
اسلام آباد(زمینی حقائق )سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ جعلی اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو نہیں مانتی کیونکہ یہ اس کرسی کی بھی توہین ہے۔
مسلم لیگ ن کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ووٹ کی عزت نہیں کی جائے گی تو یہی حال ہو گا جو اب ملک کا ہو رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ علیمہ خان اور دوسروں کی پراپرٹی نکل آتی ہے، نیب ان کا نام بھی نہیں لیتی، جو مہرے ہیں ان کا کیا نام لیں، یہ سب نیب کو نظر نہیں آتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلیکٹڈ احتساب جب ہو تو اس ادارے کی کیا ساکھ رہ جاتی ہے؟رہنما ن لیگ نے کہا کہ نیب نے جو کیسز بنانے ہوتے ہیں اور جسے گرفتار کرنا ہوتا ہے، وزراء اور جعلی وزیراعظم پانچ دن پہلے بتا دیتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جعلی اور کٹھ پتلی وزیر اعظم کو نہیں مانتی کیونکہ یہ اس کْرسی کی بھی توہین ہے، ببانگ دہل کہتی ہوں کہ بیانیہ ایک ہی ہے کہ ووٹ کو عزت دو، نواز شریف کا بیانیہ بھی وہی ہے، بیان کرنے کا فرق ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا خیال تھا کہ بیانیہ ٹھیک نہیں تو وہ اب بھی نواز شریف کے بیانیے پر آ گیا ہے،انہوں نے کہا کہ اگر ایک شخص کہتا ہے آئین پر عمل کرو تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ہم تو وہ لوگ ہیں جو جعلی سزائیں اور جعلی مقدمے بھگت رہے ہیں، عوام کے ووٹ والی حکومت آئے گی تو سارے مسائل حل ہوں گے۔
Comments are closed.