جمہوریت کے نام پر آج اکٹھے ہونے والوں کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھا، وزیرعظم
فوٹو: فائل
اسلام آباد(ویبڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو دیئے گئے افطار ڈنر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسلام آباد میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا زرداری ہاؤس میں ہونے والی اپوزیشن کی افطار پارٹی میں آج سارے جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہوئے ہیں، بدقسمتی سے ان ہی لوگوں کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھا۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے دو پارٹی سسٹم کی وجہ سے اقتدار میں نہیں آسکتا، تاریخ کے سب سے بڑے قرضے اور سب سے مشکل حالات میں پاکستان ہمیں ملا لیکن ثابت کرکے دکھاؤں گا، خطے میں سب سے اوپر پاکستان جائے گا۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم 10 سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، ماضی کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی یہ حالت ہوئی ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں لیکن عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، کرپٹ ٹولہ اب اکھٹا ہو رہا ہے تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے لیے افطار ڈنر رکھا گیا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
Comments are closed.