امریکہ نے ٹی ٹی پی کے ویڈیو جاری کرنے پر اسلام آباد کیلئے الرٹ جاری کر دیا

52 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد : امریکہ نے ٹی ٹی پی کے ویڈیو جاری کرنے پر اسلام آباد کیلئے الرٹ جاری کر دیا، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے فیصل مسجد کی ویڈیو جاری کرنے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔

اس حوالے سے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے فیصل مسجد کی ویڈیو جاری کرنے کے معاملے پر امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے اور امریکی شہریوں کو انتباہ جاری کردیا۔

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد سے جاری کیے گئے سیکیورٹی الرٹ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے فیصل مسجد پر دہشت گردانہ کارروائی کی دھمکی دی گئی ہے۔

سفارت خانے کے الرٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد کی فیصل مسجد پر دہشت گرد کارروائی کا خدشہ ہے لہذا امریکی شہری ان مقامات سے دور رہیں۔

امریکہ کے سیکیورٹی الرٹ میں خبردار کیا گیا کہ سفارتخانے کا عملہ اور امریکی شہری اپنے ذاتی سیکیورٹی عملے پر بھی نظر رکھیں۔

مزید کہا گیا کہ امریکی شہری کسی بھی قسم کی اپڈیٹس کے لیے مقامی میڈیا مانیٹر کریں اور نقل و حمل کرتے ہوئے اپنی شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے شہریوں کے لیے خصوصی رابطہ نمبر بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ بوقت ضرورت رابطہ کیا جا سکے۔

Comments are closed.