وزیراعظم کا دورہ آزاد کشمیر، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہبازشریف
فائل:فوٹو
مظفرآباد:وزیرِاعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر مظفر آباد پہنچے جہاں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پولیس کے چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اپنے ایک روزہ دورہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم شہباز شریف نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماوٴں سے ملاقات کی اور کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اقدامات اٹھائے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے اور رہے گا۔ پاکستان کشمیری عوام کے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو آزاد جموں و کشمیر میں مہاجرین کے مسائل اور خدشات حل کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماوٴں نے وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کے جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر خراج تحسین پیش کیا اور کشمیر کی آزادی کی تحریک کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
حریت رہنماوٴں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر بین الاقوامی برادری کے سامنے اجاگر کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق، وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین، انجینئر امیر مقام، عطا اللہ تارڑ، کشمیری رہنما غلام نبی صفی، ایڈووکیٹ پرویز، اعجاز رحمانی، سید گلشن، محمد اشرف ڈار، شاہین اقبال، مشتاق احمد، خورشید احمد خان اور راجا خادم حسین شاہین شریک تھے۔
Comments are closed.