تحریک انصاف کا 190 ملین پاوٴنڈز کیس کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

43 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاوٴنڈز کیس کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج ایک سیاہ دن ہے، اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ 190 ملین پاوٴنڈز کیس کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، فیصلے کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوال تو نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے پوچھنا چاہیے کہ تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی وہ پیسہ کس طرح باہر لیکر گئے اور آگے پھر عمارت بیچی، اس رقم کا تم نے کیا کیا؟ آج وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔
دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج ایک سیاہ دن ہے، اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اس دیس میں قانون ہے نہ آئین کی بالادستی ہے، القادرٹرسٹ سے حکومت کو ایک دھیلے کا نقصان نہیں ہوا، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو اس ملک کو لوٹتے رہے وہ آج معزز بنے بیٹھے ہیں، اس ملک میں چور باہر پھر رہے ہیں جبکہ معصوم لوگ جیل میں ہیں،ہمارا لیڈر اور ہم ثابت قدم ہیں، ہم اس فیصلے کو دوسری عدالتوں میں لیکر جائیں گے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ماضی میں توشہ خانہ اور عدت کیسز کو بھی عدالتوں نے باہر پھینکا، بانی پی ٹی آئی اور کارکنان پر بنائے تمام کیسز سیاسی ہیں، صبح ضرور ہوگی ہم ثابت قدم ہیں، ہم آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔

Comments are closed.