لکی مروت میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ ،2 اہل کار شہید
فائل:فوٹو
ڈی آئی خان :نامعلوم ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہناہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں لکی مروت کے علاقے غزنی خیل کے قریب نامعلوم افراد نے اچانک موٹر سائیکل پر فائرنگ کردی، جس سے ڈیوٹی کے لیے جانے والے 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے قریب پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
Comments are closed.