جے یو آئی کا پی ٹی آئی سے پہلے اسلام آباد مارچ کا اعلان،8 دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی

51 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد : حکومت اورجے یو آئی کے درمیان معاملات کی تاخیر کے بعد صورت حال میں تبدیلی، جے یو آئی کا پی ٹی آئی سے پہلے اسلام آباد مارچ کا اعلان،8 دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔

جمعیت علماء اسلام سیکرٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو دینی مدارس کا بل ہر صورت میں منظورکرنا ہوگا۔ 8 دسمبر تک بل منظور نہ کیا گیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

رہنما جے یو آئی عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہم مذہبی لوگ ہیں، نہیں چاہتے اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے، ملک بھی اس چیز کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بل منظور کرکے روکنا بدنیتی ہے، یہ جے یو آئی اور وفاق المدارس کابل نہیں، تمام تنظیمات مدارس کا بل ہے۔

عبدالغفورحیدری سے پہلے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ حکومت نے 7 دسمبر تک مدارس بل پر دستخط نہ کیے تو 8 دسمبر کو پشاور میں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

آج ہی وزیر اعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانافضل الرحمان نے وزیراعظم کو مدارس رجسٹریشن بل پر تحفظات سےآگاہ کیا جس پر شہباز شریف نے بل پر تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومت متفقہ بل کو متنازع بنانے سے گریز کرے، مدارس کی آزادی،حریت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

اس پرجے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ صدر آصدف زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل کو مسترد کرکے طبل جنگ بجا دیا، بل مسترد کرنا پارلیمنٹ جمہوریت اور آئین کے چہرے پر زوردار طمانچہ ہے۔

انہوں نےکہا کہ بل مسترد کرنے کے ذمہ دار صدر کے ساتھ ساتھ شہباز شریف اور بلاول بھی ہیں، ایک دن قبل صدر مملکت آصف زرداری نے مدارس رجسٹریشن کا بل اعتراض لگاکر واپس بھجوادیا تھا۔

واضح رہے کہ دوسری طرف بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مطالبات کی منظوری کیلئے 14 دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے اور پی ٹی آئی سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ کر رہی ہے.

Comments are closed.