عوام کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کی دشمنی ہے، عارف علوی
فائل:فوٹو
اسلام آباد:سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جتنی قربانیاں پاکستان میں پی ٹی آئی نے دی ہیں اتنی قربانیاں کسی نے نہیں دیں عوام کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کی دشمنی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں کیس کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ انصاف کے لیے آئے تھے انصاف مل گیا ہے۔ جس انداز سے حکومت مقدمات بنا رہی ہے کچھ پتا نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی 3 شہروں میں درج مقدمات میں پھنسا ہوا ہوں۔ دشمنی مول لی ہے، عوام کے ساتھ سب کی دشمنی ہے۔ عوام کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کی دشمنی ہے، عوام کے ساتھ حکومت کی دشمنی ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ جتنی قربانیاں پاکستان میں پی ٹی آئی نے دی ہیں اتنی قربانیاں کسی نے نہیں دیں۔ لوگ شہید ہوگئے ان کی گنتی تک کرنے نہیں دی گئی۔
قبل ازیں ملک بھر میں اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے کیس میں سابق صدر عارف علوی سندھ ہائی کورٹ پہنچے، جہاں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے پولیس کوعارف علوی کو گرفتارکرنے سے روک دیا۔
عدالت نے صوبائی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔
Comments are closed.