لاہور، داتادربار کے باہر خود کش حملہ، 10افراد شہید 20زخمی
لاہور(ویب ڈیسک )لاہور میں داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔
داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے حوالے سے آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے تصدیق کی کہ حملہ خودکش تھا جس کا ہدف ایلیٹ فورس کے اہلکار تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ داتا دربار کے باہر خودکش حملے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 3 جوانوں سمیت 10 افراد شہید ہوئے۔
آئی جی پنجاب نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے، حملے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل (دائیں)، کانسٹیبل محمد سلیم (دائیں سے بائیں)، شاہد نذیر ہیڈ کانسٹیبل (بائیں)۔
آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام سینئر افسران فیلڈ میں جا کر حساس مقامات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی کا خود جائزہ لیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز محمد اشفاق کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر فرائض انجام دے رہے تھے جنہیں 8 بجکر 45 منٹ پر نشانہ بنایا گیا ۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز نے داتا دربار کے قریب مشتبہ حملہ آور کی پولیس گاڑی کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے کی تصویر دکھاہی ہے جس میں بستہ پہنے مشتبہ حملہ آور کو دیکھا جاسکتا ہے۔
سیاہ رنگ کی شلوار قمیض میں ملبوس مشتبہ حملہ آور کی تصویر پر وقت 8 بجکر 54 دیکھا جاسکتا ہے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے بارے میں حقائق جلد منظر عام پر سامنے آنےکا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا اور آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کے بعد بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
Comments are closed.