پی ٹی آئی احتجاج سے ایک دن پہلے سڑکیں بند،راستہ نہ ملا،مریض ایمبولینس میں انتقال کرگیا

50 / 100

فوٹو: اے بی این نیوز فائل

 جہلم  : پی ٹی آئی احتجاج سے ایک دن پہلے سڑکیں بند،راستہ نہ ملا،مریض ایمبولینس میں انتقال کرگیا ،یہ افسوسناک مبینہ واقعہ جہلم پل پر اسپتال پہنچنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث پیش آیا۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی اے بی این نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باعث جہلم پل کے قریب ایک مریض نے ایمبولینس میں ہی دم توڑ دیا۔

رپورٹ کے مطابق، ایک مریض کو ایمرجنسی حالت میں سرائے عالمگیر سے ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم مبینہ طور پر ایمبولینس کو جہلم پل سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایاگیاہے کہ  راستے کی بندش کی وجہ سے مریض کو بروقت اسپتال نہ پہنچایا جا سکا، جس کے نتیجے میں وہ ایمبولینس میں ہی جاں بحق ہو گیا۔

اس کے بعد متوفی کے لواحقین کو میت اٹھا کر پیدل روانہ ہونا پڑا، اور اس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرلر ہو گئی۔

 اطلاعات کے مطابق، دریائے جہلم کے دونوں پلوں پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

موٹر وے ایم 2 کو لِلہ انٹرچینج سے کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے، جبکہ پنڈدادن خان جہلم روڈ کو بھی مصری موڑ کے مقام پر بند کیا گیا ہے۔

شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور ضلع بھر کی سڑکوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، اور ہاسٹلز سے مہمانوں کو نکال لیا گیا ہے۔

موٹر وے پر گاڑیوں کے لیے “نو انٹری” کے بورڈ لگا دیے گئے ہیں اور جڑواں شہروں میں 33 مقامات پر بندشیں کھڑی کی گئی ہیں، جہاں کنٹینرز بھی لگا دیے گئے ہیں۔

Comments are closed.