حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کاکیس، ایڈیشنل اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹس جاری
فائل:فوٹو
اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے سے متعلق نظرثانی کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کیلئے نظر ثانی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل صفائی حارث عظمت نے دلائل میں کہا کہ آرٹیکل 63 اے نظرثانی فیصلے میں کہا گیا 3 رکنی بنچ نے 17 رکنی بنچ کے فیصلے کو نظر انداز کیا، اب بھی کیس میں سوال موجود ہے، ہم پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کے بجائے پارٹی ہیڈ کی ہدایات پر نظر ثانی چاہتے ہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ہم اٹارنی جنرل کو نوٹس کر رہے ہیں جس پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ میں اس کیس میں وکیل رہ چکا ہوں، جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ٹھیک ہے ہم ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کو نوٹس کر دیتے ہیں۔
وکیل صفائی حارث عظمت نے کہا کہ آئینی بنچ قرار دے پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے لیے پارٹی ہیڈ کی ہدایات ہوں گی جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ یہ اتنا آسان نہیں، سن کر فیصلہ کریں گے۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے سے متعلق نظرثانی کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
Comments are closed.