دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا کراچی میں آغاز، نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی،خواجہ آصف
فائل:فوٹو
کراچی/ اسلام آباد:چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز کا روایتی انداز میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی ایکسپو سینٹر میں آغاز ہوگیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی،
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کر رہا ہے، علاقئی امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔ پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پا رہی ہے، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی، آئیڈیاز علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی، آئیڈیاز کا سلوگن ”آرمز فار پیس“ ہے۔
دوسری جانب عالمی دفاعی نمائش میں 350 غیر ملکی وفد شرکت کر رہے ہیں جبکہ نمائش میں 557 اسٹالز سجائے گئے ہیں، ایکسپو سینٹر میں 9 ہالز بنائے گئے ہیں۔ نمائش میں 224 مقامی اور 333 بین الاقوامی کمپنیز کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
بزنس ٹو بزنس اور بزنس اور بزنس ٹو گورنمنٹ میٹنگ بھی ہوگی۔ اس نمائش میں جدید اور روایتی دفاعی ساز و سامان کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گاجو پاکستان کی صنعتی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
دفاعی پیداوار میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر، بحری جہاز، آبدوزیں، ڈرون، میزائل، سائبر ڈیفنس، سیٹلائٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز شامل ہیں۔
یہ نمائش غیر ملکی وفود، حکومتی عہدیداروں اور نمائش کنندگان کے درمیان موٴثر نیٹ ورکنگ فراہم کرتی ہے۔ آئیڈیاز کی ٹیم جدید سہولتوں اور سافٹ ویئر کے ذریعے نیٹ ورکنگ کو موٴثر طریقے سے ہم آہنگ کرتی ہے۔
آئیڈیاز 2024 میں ایشیا، مشرق وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا کے اہم ممالک نے شرکت کی ہے۔ بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، ترکی، ایران، یمن، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
شہر کے مقامی ہوٹل میں ایک اہم نوعیت کا پاکستان ڈیفنس پروڈکشن پوٹینشل سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دفاعی نمائش میں پاکستانی ساختہ ٹینک حیدر متعارف کروایا گیا ہے جبکہ پاکستانی ساختہ شہپر3 ڈرون بھی نمائش میں رکھا گیا ہے۔
ادھرشہریوں کے لیے تینوں مسلح افواج کے پیشہ ورانہ تربیت کا کراچی شو 21 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کے مطابق ایکسپو کے عین سامنے سے گزرنے والی دو رویہ سڑک سرشاہ سلیمان روڈ نمائش کے دوران صبح سات بجے سے شام سات بجے تک بند رہے گی۔
Comments are closed.