عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی،کمیٹی قائم
فوٹو:فائل
راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی،کمیٹی قائم کردی ہے تاہم اس بار کمیٹی کے ناموں کا اعلان نہیں کیاگیا ہے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔
جب میڈیا نے کمیٹی میں شامل ارکان کے ناموں سے متعلق سوال کیا توانہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے،ان کا کہنا تھا بانی نے کہا کہ نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
فیصل چوہدری کےمطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے۔
فیصل چوہدری کے علاوہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ پورے پاکستان میں نکلنا ہے۔
Comments are closed.