اداکارہ نرگس پرشوہر کا تشدد، لاہور کے علاقے ڈیفنس سی تھانہ میں مقدمہ درج
فوٹو: فائل
لاہور: سٹیج، ٹی وی اور فلم کی سابق اداکارہ نرگس پرشوہر کا تشدد، لاہور کے علاقے ڈیفنس سی تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت پرویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے نرگس سے ملاقات کی اورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔
لاہور کے ڈیفنس سی تھانے میں انسپیکٹر ماجد بشیر کے خلاف ایف آئی آر غزالہ ادریس (نرگس) کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ماجد بشیر نے اپنی اہلیہ سے فارم ہاؤس اور دیگر جائیداد ان کے نام کرنے کا تقاضہ کیا۔
مقدمے میں تشدد اور گن پوائنٹ پر جان سے مارنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس کےمطابق اداکارہ نرگس کو ان کےشوہر انسپکٹر ماجد بشیر نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ دونوں میاں بیوی میں پیسوں کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔
اس حوالے سے نرگس کےبھائی کا کہنا ہے کہ انسپکٹر ماجد بشیر روزانہ ان کی ہمشیرہ پر تشدد کرتا ہے۔ اداکارہ نے چند برس پہلے انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کی تھی جس کے بعد انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیر باد کہہ کر بیوٹی سیلون کا کام شروع کیا۔
نرگس کے شوہر انسپیکٹر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 354 اور 506 بی کے تحت درج کی گئی ہے۔ دفعہ 354 خواتین پر مجرمانہ تشدد اور توہین کے حوالے سے ہے جبکہ دفعہ 506 بی کسی کو قتل یا نقصان پہنچانے کی دھمکی دینے سے متعلق ہے۔
ایف آئی آر میں اداکارہ نرگس نے موقف اپنایا ہے کہ ’ماجد بشیر نے سرکاری پستول سے میرے منھ پر لگاتار وار کیے، میرا منھ خون میں لت پت ہوگیا۔‘تشدد کے حوالے سے نرگس نے پولیس کو بتایا کہ انسپیکٹر ماجد بشیر ان کے ایک نو کینال کے پلاٹ پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اداکارہ کے چہرے اور ہاتھوں پر تشدد کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں اور ان کا چہرہ ، ماتھا اورگردن پرلال نشانات نمایاں نظر آتے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے اداکارہ نرگس سے ملاقات کرکے انہیں قانونی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے اداکارہ نرگس سے ملاقات کی اور کہا کہ اداکارہ نرگس کے ساتھ ایک پروٹیکشن افسر کو تعینات کردیا۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ اداکارہ نرگس کو قانونی مدد فراہم کرنے کےلیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ خواتین پر گھریلو تشدد سنگین مجرمانہ فعل ہے، ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین پر تشدد پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں، ملزم کو سزا دلوائی جائے گی۔
واضح رہے کہ نرگس پر ان کے شوہر کے مبینہ تشدد کی اطلاع اداکارہ کے بھائی خرم بھٹی نے ون فائیو پر دی تھی جس کے بعد پولیس ایڈن سٹی میں واقع اداکارہ کے گھر پہنچی۔
Comments are closed.