ہلالِ احمر اور کے ایس ریلیف کے مابین مفاہمتی یادداشت طے پا گئی

50 / 100

وقار فانی

اسلام آباد:ہلالِ احمر اور کے ایس ریلیف کے مابین مفاہمتی یادداشت طے پا گئی، چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری اور انجینئر احمد علی البیض نے معاہدے پر دستخط کیے، تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار، سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی موجودتھے.

کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ و ریلیف سنٹر کے زیر ِ اہتمام مشترکہ تعاون پروگرام کے تحت پاکستان میں خدمات کی فراہمی کیلئے معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔

نائب وزیراعظم پاکستان،وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور اسسٹنٹ سپروائزر جنرل کے ایس ریلیف انجینئر احمد علی البیض مہمانانِ خصوصی تھے۔

اِس موقع پر ہلالِ احمر پاکستان اور کے ایس ریلیف کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اِس یادداشت کے مطابق انسانیت کی مدد اور خدمت، استعدادِ کار میں اضافہ اور تربیتی سیشن تحقیق کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔

معاہدہ پر چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ و ریلیف کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل انجینئر احمد علی البیض نے دستخط کیے۔چیئرمین ہلالِ احمرپاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے اِس موقع پر کہا کہ آج کا دِن پاکستانی قوم کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔

آج ہم 8 اکتوبر 2005ء کے بدترین زلزلہ کی یاد میں قومی استحکام کا دِن منا رہے ہیں۔ ہم کے ایس ریلیف کی جانب سے ”تعمیراتی مرحلہ“ کیلئے امداد پرشکرگزار ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ عوامی سہولیات کے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے.

آج کا معاہدہ لاکھوں ضرورت مندوں کیلئے اُمید کی کرن ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک اور دونوں اداروں کے مابین مستحکم اور پائیدار تعلقات کابھی عکاس ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخ، مشترکہ اقدار اور باہمی احترام سے جڑے ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ کے ایس ریلیف ضرورت کے وقت انسانیت کی خدمت، آفات سے نمٹنے کیلئے ہمارا ثابت قدم ساتھی رہا ہے۔

کے ایس ریلیف کی جانب سے ہلالِ احمر پاکستان کا ساتھ، تعاون انسانیت خدمت کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے 2005ء کے بدترین زلزلہ سے ہونے والی تباہی، قومی اداروں کے کردار پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ 2022ء کے بدترین سیلاب کے دوران بھی ہلالِ احمر پاکستان نے 2.8 ملین متاثرہ گھرانوں کی مدد کا بھی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

انہوں نے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ و ریلیف کی جانب سے اعتماد پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اِن معاہدات سے باہمی تعلقات اور تعاون کو بھی نئی جہت ملے گی۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مفاہمتی یادداشت کو دونوں ممالک اور دونوں اداروں کے مابین اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ کے ایس ریلیف کے انجینئر احمد علی البیض نے ہلالِ احمر پاکستان کی انسانیت کیلئے خدمات کی تعریف کی۔

Comments are closed.