آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس، جسٹس نعیم اختر افغان لارجر بنچ میں شامل

51 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد: آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس، جسٹس نعیم اختر افغان لارجر بنچ میں شامل، سپریم کورٹ پریکٹس پروسیجر کمیٹی نے جسٹس نعیم اختر افغان کو آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس کے سماعت کرنے والے بنچ میں شامل کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس صبح 9 بجے سپریم کورٹ میں ہوا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین خان جسٹس منصور علی شاہ کا انتظار کرتے رہے تاہم جسٹس منصور علی شاہ کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے اور نہ کوئی پیغام بھیجا۔

چیف جسٹس نے جسٹس منصورعلی شاہ کا نام تجویزکیا تاہم جسٹس منصور کے کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر جسٹس نعیم اختر کو بنچ میں شامل کر لیا گیا۔

جسٹس نعیم اختر افغان کی شمولیت سے سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ مکمل ہوگیا، لارجر بنچ ساڑھے 11 بجے آرٹیکل 63 اے کیس کی سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی جبکہ لارجر بنج کے رکن جسٹس منیب اختر نے موجودہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے بنائے بنچ میں بیٹھنے سے انکار کردیا تھا۔

Comments are closed.