اداروں کو پیغام دیتا ہوں سیاسی فیصلے سیاستدانوں کو کرنے دیں، بیچ میں نہ آئیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

52 / 100

فوٹو:فائل

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے اداروں کو پیغام دیتا ہوں سیاسی فیصلے سیاستدانوں کو کرنے دیں، بیچ میں نہ آئیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ باضابطہ طور پر انقلاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اب انقلاب کا اعلان کرتا ہوں کیونکہ ہمارے پاس انقلاب کے علاوہ کوئی اور حل نہیں.

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے رات دیر سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اب کوئی گولی چلائے گا تو گولی کھائے گا، زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، کس کی کتنی لکھی ہے فیصلہ اس نے کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں پوری قوم، پی ڈی ایم کی جماعتوں، فارم 47 کی حکومت اور پاکستان کے تمام اداروں سے مخاطب ہوں، ملک میں ایسا وقت آ چکا ہے کہ ہماری عزتوں کو پامال کیا گیا، چادر اور چار دیواری کو پامال کیا گیا، ہم نے ظرف دکھاتے ہوئے اس قوم، اس ملک اور پاکستان کے لیے اُف تک نہیں کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گزشتہ روز ہم پر شیلنگ کی گئی اور گولیاں برسائی گئیں، پنجاب پولیس کے اہلکار پھنس گئے تھے لیکن ہم نے انہیں چھوڑ دیا تھا، اب وہ وقت آ چکا ہے کہ یہ ہم پر گولیاں برسا رہے ہیں، ہمارے 2 کارکنان کو گولیاں ماری گئیں، تیسرے کارکن کو گولی لگی، اس کا پتہ نہیں چل رہا کہ کہاں ہے؟

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ براہ راست آنسو گیس کے شیل مار کر 50 سے زائد کارکنوں کو زخمی کیا گیا، پنجاب کی حدود شروع ہوتے ہی ہر 3 کلومیٹر کے بعد ہم پر شیل برسائے گئے، گولیاں برساتے رہے، گرنینڈ پھینکتے رہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ پاکستان ہمارا ہے، یہ پنجاب بھی ہمارا ہے، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان بھی ہمارا ہے، میں پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ اپنی آزادی کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں.

خاص طور پر خیبر پختونخوا اور پنڈی ڈویژن کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی پولیس والے ظلم کرنے کے باوجود ہمارے ہتھے چڑھے لیکن میں نے انہیں ریسکیو کیا کیونکہ ہمیں ان کے بچوں اور خاندان والوں کا خیال تھا.

انھوں نے کہا (ہاتھ کی انگلی دکھاتے ہوئے) اوہ پنجاب پولیس کے نوجوانوں تم اگر اپنے باپ کی اولاد ہو تو بتانا کہ تم پھنس گئے تھے اور ہم نے تمہیں چھوڑ دیا، اس ظلم کے باوجود جو تم کرتے رہے۔

علی امین گنڈا پور نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ یہ بھی سن لو کہ اگر کوئی گولی برسائے گا تو اس پر بھی گولی برسائی جائے گی، تم ایک گولی چلاؤ گے تو ہم 10 چلائیں گے۔ تم ایک آنسو گیس ماروں گے تو ہم 10 ماریں گے، تم ایک لاٹھی مارو گے تو ہم 10 ماریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں سن لو، تمام قبائل کے لوگ ہماری پارٹی میں ہیں، تمام قبائل میں جرگے کرو اور یہ فیصلہ کرو کہ اگر آج کوئی اور نشانے پر ہے تو کل تم بھی ہو سکتے ہو، سب اکٹھے ہو کر متحد ہو جاؤ، آئندہ جب ہم جائیں گے تو اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں مارے گا تو وہ مرنے کے لیے تیار رہے.

انہوں نے انقلاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب کے بغیر ہمارے پاس کوئی حل نہیں، یہ دھمکی نہیں بلکہ اصلاح کی آخری وارننگ ہے، میں اعلان کر رہا ہوں کہ پاکستان کے ادارے اگر اپنی قوم کی آواز نہیں سن سکتے، ان کی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہو جائیں.

تمام اداروں کو پیغام ہے کہ عوام کو فیصلے کرنے دیں، سیاسی فیصلے سیاسی بندوں کو کرنے دیں، بیچ میں نہ آئیں اور دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔

Comments are closed.