راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش،جل تھل ایک ہوگیا، نشیبی علاقوں سمیت شاہراوٴں پر پانی جمع
فائل:فوٹو
اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں رات سے صح تک طوفانی بارش سے نشیبی علاقوں سمیت شاہراوٴں پر پانی جمع ہوگیا۔
راولپنڈی اسلام آباد میں جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب سے شروع ہونے والا سلسلہ جمعہ کہ صبح تک جاری رہا۔ شدید گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے مری روڈ ،کمیٹی چوک لیاقت باغ ،جہلم روڈ ،جی روڈ سواں وغیرہ کی شاہراوٴں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معمولات و آمد رفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔
محکمہ موسمیات و نالہ لئی کی مانیٹرنگ پر متعین حکام کے مطابق رات گئے سے صبح 8 بجے تک سب سے زیادہ بارش چکلالہ میں 126 ملی میڑ ریکارڈ کی گی۔ بوکڑا کے مقام پر 115 ، گولڑہ ای الیون میں 87, شمس آباد میں 81 ملی میڑ اور پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 62 اور سیدپور میں 43 ملی میڑ بارش ریکارڈ کی گی۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پر پانی کی سطح 10 فٹ اور گوالمنڈی پر 11.5 فٹ پہنچی۔
ریسکیو ٹیمیں نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقے میں حفاظتی اقدامات کے لیے پہنچیں جنہیں کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقے میں تعینات کردیا گیا ہے۔بارشوں کے دوران ریسکیو اہلکار ان جگہوں پر مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے۔
ادھر ریسکیو1122نے راولپنڈی اسلام آباد مین بارش کے دوران احتیاط برتنے کے حوالے سے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی جس میں ہدایت کی گی ہے کہ بارشوں کے دوران انتہائی احتیاط برتیں،والدین بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبے کے پاس ہر گز نہ جانے دیں۔ بارش کے دوران ڈرائیونگ کم رفتار پر کریں کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے نہ جائیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر فوری اطلاع دیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخواہ، شمال مشرقی،وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران بالائی خیبر پختونحواہ، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھو ہار، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش،ژالہ باری متوقع۔ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے ۔
Comments are closed.