میجر راجہ عزیز بھٹی کا یوم شہادت ، صدرمملکت ،وزیراعظم کاخراج عقیدت
فائل:فوٹو
اسلام آباد:صدرمملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف،وزیرداخلہ محسن نقوی نے میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کے 59ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی کی بے مثال قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے نہایت جواں مردی سے ڈٹ کر قوم کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔
صدر مملکت کاکہنا تھا کہ مادر وطن کی حفاظت کیلئے جان قربان کرنے پر پوری قوم اپنے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، میجر عزیز بھٹی کی لازوال قربانی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ اپنے وطن کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہیں گے۔
صدر مملکت نے میجر عزیز بھٹی شہید کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کو قوم سلام پیش کرتی ہے ، محافظ وطن میجر عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے ستمبر 1965 کی جنگ میں اپنی جرات و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم نے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن اور لاہور کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے، میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی وطن کے دفاع کیلئے اس عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کا وطن کی خاطر جان کی پراوہ کئے بغیر دشمن سے لڑنے کا جذبہ اور فرض شناسی نسل نو کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہرجوان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ میجر عزیز بھٹی شہید نے دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جان نچھاور کرتے ہوئے شجاعت اور جرات کی داستان رقم کی، میجر عزیز بھٹی شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
Comments are closed.