ن لیگ ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بلوں سے نجات دلائے گی،نوازشریف

45 / 100

فائل:فوٹو
لاہور: صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک مہنگائی میں دھکیل دیا ہے۔ ن لیگ ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔

ماڈل ٹاوٴن مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ گھریلو کے بعد صنعتی صارفین کیلئے ریلیف تلاش کر رہے ہیں، معیشت کو پاوٴں پر کھڑا کرنا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آ کر ملک کی ترقی کو روکے اور غلط فیصلے کر کے ملکی ترقی کو ہی روند ڈالے۔ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک مہنگائی میں دھکیل دیا ہے۔

قبل ازیں ملکی سیاسی صورتحال پر نواز شریف کی زیرصدارت ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے نئی حکومتی معاشی پالیسی پر بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران ملکی سیاسی امور اور بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

ادھر پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے حوالے سے تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب میں 201 سے 500 یونٹ تک بجلی صارفین کو بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے بارے تفصیلات جاری کیں۔

لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی 5 بجلی کمپنیوں کے 35 لاکھ 16 ہزار 877 صارفین کو ریلیف دیا گیا۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کے 8 لاکھ 40 ہزار صارفین کو ریلیف ملا، ملتان الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 6 لاکھ 53 ہزار 883 صارفین کو ریلیف دیا گیا جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 5 لاکھ 6 ہزار 139 صارفین کو بھی ریلیف ملا ہے۔

گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 31 ہزار 305 صارفین کو ریلیف ملا، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 85 ہزار 550 صارفین کو ریلیف دیا گیا۔

پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے 46 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

Comments are closed.