ایران میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں خصوصی طیارے سے واپس وطن پہنچ گئیں
فوٹو: اسکرین گریب
جیکب آباد : ایران میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں خصوصی طیارے سے واپس وطن پہنچ گئیں، یہ افراد یزداں ایران میں بس حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے جن کی میتیں لے کر ایئر فورس کا سی 130 طیارہ رات پاکستان پہنچا۔
رات کو وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایران سے طیارہ میتیں اور زخمیوں کو لے کر شہباز ائر بیس جیکب آباد پہنچا۔
ایمبولینسوں کے ذریعے میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کی جانی ہیں تاہم زخمیوں کو ایئر ایمبولینس میں کراچی منتقل کیا جائے گا،
ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آگئی
پاکستان سے ایران روانہ ہونے والی زائرین کی بس کو 21 اگست کو ایرانی شہر یزدمیں حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 51 افراد سوار تھے، حادثے میں 28 زائرین جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے، 14 زائرین کی حالت تشویشناک ہے، زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔
اس سے قبل سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بس حادثے کے شہداء کی میتیں ایران سے پاکستان روانہ کردی گئیں، میتیں لے کر آنے والے سی 130 جہاز نے پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے اڑان بھری تھی۔
زائرین کی میتوں کی وطن روانگی سے قبل یزد ہوائی اڈے پر تعزیتی تقریب بھی ہوئی تھی، تقریب میں یزد کے گورنر، مقامی حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایران حادثے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کی مالی امداد کا اعلان کیا، شہداء کے ورثاء کو 50، 50 لاکھ اور زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
Comments are closed.