سیکریٹری صنعت و پیدوارکی ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کی تصدیق

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار میں سیکریٹری صنعت و پیدوار نے ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کے حوالے سے تصدیق کر دی۔جنرل منیجر یوٹیلیٹی اسٹورز عنایت اللہ دولہ کاکہناہے کہ حکومت رائٹ سائزنگ کے تحت یوٹیلیٹی سٹور بند کرے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت صنعت و پیداوار کے اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیدوار نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کے تحت وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا سوچ رہی ہے، رائٹ سائزنگ کمیٹی کے فیصلے کابینہ کو بھجوائے جائیں گے۔

سیکریٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق وزارت صنعت و پیداوار عمل درآمد کے لیے ایکشن پلان دے گی، ملازمین کے لیے پیکیج پر کام کیا جا رہا ہے، حکومت مالی مشکلات کے باعث نجکاری کر رہی ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی میں آٹو پالیسی پر حکام نے بریفنگ بھی دی۔

حکام وزارت صنعت و پیداوار نے بتایا کہ ملک میں ویئر ہاوسنگ کی ضروریات بڑھ رہی ہیں، ویئر ہاوسنگ کو صنعت قرار دینے کے لیے سمری وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے جبکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویئر ہاوسنگ کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی ویئر ہاوسنگ پالیسی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 10 لاکھ سے کم کاریں بنتی ہیں، الیکٹرک وہیکلز میں موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کے لیے 45 لائسنس جاری کیے گئے، اس وقت ملک میں گاڑیوں کے 13 برانڈ کام کر رہے ہیں، ملک میں 50 لاکھ کاریں تیار کی جا سکتی ہیں، گزشتہ مالی سال کاروں کی فروخت سے 300 ارب روپے کا ٹیکس ملا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سری لنکا میں ٹویوٹا گاڑیوں کی برآمد حکومت کے قرض کے باعث ہوئی، پاکستان میں بنی ہوئی گاڑیوں کا معیار بہتر نہیں اس لیے برآمد نہیں ہو سکتی۔ حکام نے بتایا کہ ٹریکٹرز اور رکشہ کی برآمد ہو رہی ہے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر عون عباس بپی نے سوال کیا کہ کیا ایم جی گاڑیوں کی درآمد میں انڈر ان وائسنگ ہوئی؟ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت نے حل کر دیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اس سال گاڑیوں کے 4 فیصد ایکسپورٹ ٹارگٹ حاصل نہیں ہوئے، کمپنیوں نے ایکسپورٹ آرڈر حاصل نہیں کیے اور عدالت سے اسٹے حاصل کر لیا، حکومت نے ایکسپورٹ کے لیے کوئی مراعات نہیں دیں تھیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل منیجر یوٹیلیٹی اسٹورز عنایت اللہ دولہ نے کہا کہ حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے سے متعلق غور کر رہی ہے، حکومت رائٹ سائزنگ کے تحت یوٹیلیٹی سٹور بند کرے گی اور اس حوالے سے باقاعدہ پلان تیار کیا جائے گا۔

جنرل منیجر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین سے متعلق فیصلہ پلان کے تحت کیا جائے گا، رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے حکومت کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے معاملے پر تجویز دی جائے گی۔

Comments are closed.