ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا،موسم خوشگوار

50 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت ملک کے دیگرشہروں میں بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا ابررحمت برسنے سے حبس اورگرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج ملک کے بیشترعلاقوں میں بارش کاامکان ہے ۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں ملک کے دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گر دو نواح میں وقفہ وقفہ سے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے علاوہ ازیں آج راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال،منڈی بہاوٴالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب،لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال،پاکپتن، وہاڑی،خانیوال، قصور،اوکاڑہ ،بہاولپور، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں بارش متوقع ہے اس دوران شمال مشرقی پنجاب میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے ۔تاہم پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔

اسی طرح دیر،چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر ،مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، نوشہرہ، صوابی، ہری پور ، خیبر، پشاور،کرم ،کوہاٹ، بنوں،وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت، لسبیلہ ، آواران ، خضدار، پنجگور ،بارکھان، ڑوب اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے اور سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص،دادو، لاڑکانہ،جامشورو،مٹھی، سانگھڑ ، کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔

Comments are closed.