یہ آخری کیس تھا، آج بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہونی چاہیے،بیرسٹر گوہر
فائل:فوٹو
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے دوران عدت نکاح کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج حق اور انصاف کی فتح ہوئی ہے یہ آخری کیس تھا، آج بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہونی چاہیے۔
عدالتی فیصلے کے بعد ایک بیان میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الحمد اللہ ،آج حق اور انصاف کی فتح ہوئی ہے، ہم اس فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور عدلیہ کا شکر ادا کرتے ہیں ، جج صاحب 14 ،14 گھنٹے کی سماعت کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ کیس تھا جس کی کوئی بنیاد نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں آئین اور قانون کی بالادستی ہو، انشااللہ باقی کیسز بھی اسی طرح ختم ہوں گے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدت میں نکاح کیس سے بری کردیا گیا ہے۔
عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر لی گئیں اور اپیلیں منظور ہونے پر ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔
عدالت نے اپیلوں کے منظور ہونے کا مختصر فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں منظور کر کے ان کی رہائی کے روبکار جاری کردیے ہیں جبکہ خاور مانیکا کی دونوں اپیلیں مسترد کردی گئیں۔
Comments are closed.