حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

55 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد::  یکم محرم الحرام کی مناسبت سے امیر المومنین اور خلیفہ دوم پیکر عدل وانصاف حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر ملک بھر میں مختلف جماعتوں و مسالک کی جانب سے جلسے، سیمینار اور تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں مقررین سیدنا حضرت عمر بن الخطابؓ کے فضائل و مناقب، سیرت و کردار، بے مثال فتوحات اور ان کے سنہرے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔

خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے، آپ کا نام عمر بن خطاب، لقب  فاروق اور کنیت ابو حفصہ تھی، حضورﷺ کی جانب سے نبوت کے اعلان کے چھٹے سال حضرت عمرؓ نے 35 برس کی عمر میں اسلام قبول کیا۔

حضور نبی اکرمﷺ نے حضرت عمر یا ابو جہل میں سے کس ایک کے مسلمان ہونے کیلئے خود دعا مانگی، آپ کے اسلام لانے کے بعد مسلمانوں نے پہلی بار خانہ کعبہ میں نماز پڑھی۔

حضرت ابو بکر صدیقؓ کی وفات کے بعد آپ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ بنے۔ تقریباً 11 سالہ دور حکومت میں حضرت عمرؓ نے اسلامی سلطنت کا دائرہ 22 لاکھ مربع میل تک پھیلا دیا، مسلمانوں نے جنگ قادسیہ اور جنگ یرموک میں بیک وقت اس وقت کی سپر پاور رومن اور ساسانی سلطنت کو شکست دی آپ ہی کے دور میں پہلی بار بیت المقدس فتح ہوا۔

27 ذی الحجہ 23 ہجری کو ابو لولو فیروز نامی مجوسی نے نمازِ فجر کی ادائیگی کے دوران حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو خنجر مار کر شدید زخمی کر دیا تھا، یکم محرم الحرام 24 ہجری کو حضرت عمر فاروق ؓ نےجام شہادت نوش فرمایا، آپؓ رسول پاکؐ کے پہلو مبارک میں مدفون ہیں۔

دوسری جانب آج صوبہ خیبرپختونخوا میں یوم شہادت حضرت عمر فاروقؓ پر سرکاری سطح پر عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔

Comments are closed.