زمبابوے نے انڈیا کے عالمی چیمپئن ہونے کا خمار اتار دیا، پہلے ٹی 20 میں 13 رنز سےشکست
فوٹو:سوشل میڈیا
ہرارے: زمبابوے نے انڈیا کے عالمی چیمپئن ہونے کا خمار اتار دیا، پہلے ٹی 20 میں 13 رنز سےشکست دے دی، عالمی چیمپئن بننے کا ابھی بھارت میں جشن جاری تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد اگلے ہی میچ میں زمبابوے کے ہاتھوں خفت اٹھانی پڑ گئی۔
زمبابوے کے دورے پر گئی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن بھارت کو ہرارے میں کھیلے گئے اس لو اسکورنگ میچ میں زمبابوے نے 13 رنز سے شکست دے دی۔
ہوم ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 115 رنز بنائے۔ کلائیو مناڈے 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈائن مائرز نے 23، برائن بینٹ نے 22 اور ویسلے مادھیورے نے 21 رنز کی اننگز کھیلیں۔
بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، واشنگٹن سندر نے دو جبکہ اویش خان اور مکیش کمار نے ایک ایک وکٹ لی۔
بھارتی ٹیم 116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں 102 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شبمن گل 31 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
بھارت 17 سال بعد ٹی 20 ورلڈ چمپئن بن گیا،فائنل میں جنوبی افریقہ کوشکست
زمبابوے کے سکندر رضا اور ٹینڈائی چتارا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سکندر رضا کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا کوئی پلیئر میچ میں شامل نہیں تھا جبکہ زمبابوے ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے کوالیفائی کرنے والی 20 ٹیموں میں شامل نہیں تھی۔
بھارت نے نئے لڑکوں کو کھلا کر یہ دھاک بٹھانے کی کوشش کی تھی کہ ان کی بی ٹیم بھی جیت لے گی تاہم زمبابوے نے ناکوں چنے چبوا کر نفسیاتی دباؤ بھی ختم کر دیا ہے.
Comments are closed.