پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی پولیو کاوٴنٹرز بنانے کا فیصلہ

50 / 100

فائل:فوٹو

لاہور: پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی پولیو کاوٴنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سول سیکرٹریٹ میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان شریک ہوئے، سیکرٹری صحت علی جان، سربراہ انسداد پولیو پروگرام پنجاب خضر افضال اور متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پولیو اور دیگر بیماریوں کے تدارک کیلئے روٹین امیونائزیشن 95 فیصد تک لیکر جانے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ صوبے کے تمام 14 داخلی اور خارجی پوائنٹس پر پولیو کاوٴنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگلی انسداد پولیو مہم کے دوران تمام صوبائی وزراء پولیو ٹیموں کیساتھ فیلڈ میں موجود ہونگے، ہر ضلع میں انسداد پولیوکیلئے مختلف میکانزم وضع کریں گے، ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او ہیلتھ پولیو کے خاتمے کے مطلوبہ اہداف میں حائل مسائل بارے آگاہ کریں۔

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پنجاب میں ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کرنا پڑی تو کریں گے، نقل پذیر آبادی وائرس کے پھیلاوٴ کا بڑا ذریعہ ہے، پنجاب کی حدود میں داخل ہونے والے تمام بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے انسداد پولیو مہم میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عملے کیخلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

Comments are closed.