ٹی 20 ورلڈکپ سپر8، دلیر افغان ٹیم نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے دی
فوٹو: سوشل میڈیا
کنگسٹن: ٹی 20 ورلڈکپ سپر8، دلیر افغان ٹیم نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے دی، کرکٹ ماہرین، میڈیا اور دنیا بھر کے سپورٹس اینکرز کو افغانوں نے زور بازو سے غلط ثابت کر دیا.
گروپ ون میں شامل دونوں ٹیمیں کنگسٹن میں مدِمقابل تھیں جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا تھا۔
افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 118 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، رحمت اللّٰہ گرباز 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے ابراہیم زردان 51 اور کریم جنت 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، محمد نبی 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنا سکی، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 3، ایڈم زیمپا نے 2 اور اسٹوئنس نے 1 وکٹ حاصل کی۔
بیٹنگ کے بعد افغان بولرز نے بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے آسان دکھنے والے ہدف کو مشکل بنانے کی ابتدا کر دی۔
اس کے بعد بھی پورے میچ میں افغان بولرز نے شاندار بولنگ کی اور آسٹریلوی بیٹرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں.
سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 59 رنز گلین میکسلویل نے بنائے جبکہ مچل مارش 12 اور مارکس اسٹوائنس 11 رنز بنا سکے۔
ان کے علاوہ کوئی اور آسٹریلوی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔آسٹریلوی ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز بنا سکی۔
افغان باولر گلبدین نائب نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوین الحق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ سے قبل گروپ ون میں بھارت 2 میچز میں کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ آسٹریلیا ایک میچ میں کامیابی کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔
اس میچ کے بعد افغانستان سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار ہے، گروپ ون میں شامل بنگلا دیش کو دونوں میچز میں جبکہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا رہا تھا.
Comments are closed.