سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ،70 دن میں 181 دہشتگرد ہلاک

46 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: افواج پاکستان نے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لیے یکم اپریل 2024 سے 10 جون 2024 تک خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7745 آپریشنز کیے جس دوران 181 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

پچھلے کچھ عرصے میں افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف موٴثر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ بر وقت انٹیلیجنس کی بدولت عید الفطر کے بعد، ٹی ٹی پی کے ناپاک عزائم اور منصوبے آشکار ہونا شروع ہوگئے۔

خیبر پختونخوا میں 2701 آپریشن، بلوچستان میں 4902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کیے گئے۔ خیبر پختونخوا میں 128، بلوچستان میں 51 اور سندھ میں 2دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

صرف مئی کے مہینے میں بلوچستان میں 12دہشت گرد جہنم واصل جبکہ خیبر پختونخوا میں 42 کو ہلاک کیا گیا۔ اسی طرح، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے مئی کے مہینے میں 61 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

دہشت گردوں کو سرحدپار سے دراندازی کی کوششوں کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی شہری علاقوں میں اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہی جبکہ ناکامی کو چھپانے کے لیے ٹی ٹی پی نے قبائلی علاقوں کی غریب عوام کو اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر مجبور کیا اور نشانہ بنایا۔

اس کے علاوہ، باجوڑ، دیر اور چترال کے علاقوں میں بر وقت خفیہ اطلاعات کی بنا پر کم از کم 20 گنا دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والا ٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جا چکا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں پر ڑوب بارڈر سے دراندازی کے دوران گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی آئی خان اور ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں گھات لگا کر 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے شیخ بدین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائی کر کے 11 دہشت گرد جہنم رسید کیے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں پشین اور قلعہ عبداللہ میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 1 کو گرفتار کر لیا۔

گزشتہ ماہ کے دوران ایک افغان شہری سمیت 2 خودکش حملہ آوروں کو ان کے ہینڈلرز سمیت دراندازی کرتے ہوئے گرفتار اور ان کی نشاندہی پر خودکش جیکٹس بھی برآمد کر لی گئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران بلوچستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد بشمول 4 خودکش جیکٹس اور 14 آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔

بشام حملے میں ملوث دہشت گرد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے ٹی ٹی پی کا محرم پر حملوں کا بڑا منصوبہ ناکام کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا۔ ٹی ٹی پی کی قیادت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پے درپے حملوں سے پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

Comments are closed.