سپریم کورٹ میں ججز کی خالی نشستوں پر تقرری کے لئے تین ناموں کی منظوری

45 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل عباسی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی سفارش کردی گئی.اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال کو بھی سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں سپریم کورٹ میں تین ججز کی تعیناتیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی اور جسٹس شاہد بلال کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی سفارش متفقہ طور پر کی گئی۔

ذرائع کاکہناہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی سفارش پانچ ممبران کی اکثریت سے کی گئی جبکہ جوڈیشل کمیشن کے چار ممبران نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سفارش کی جسٹس منصور علی شاہ نے مخالفت کی، جبکہ جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس ریٹائرڈ منظور ملک نے بھی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی مخالفت کی۔

ذرائع کاکہناہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سپریم کورٹ جج کی تعیناتی کے حق میں ووٹ دیا

ذرائع کے مطابق جسٹس امین الدین خان ،اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین نے بھی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی حمایت میں ووٹ دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا فیصلہ پانچ ممبران کی اکثریت سے ہوا،جبکہ مخالفت میں چار ممبران نے رائے دی. سپریم کورٹ میں تین ججز کی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ میں کل ججز کی مکمل تعداد سترہ ہو جائے گی۔

Comments are closed.