شیخ مجیب ٹویٹ،بیرسٹر گوہر اورروف حسن کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

50 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: شیخ مجیب ٹویٹ،بیرسٹر گوہر اورروف حسن کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان کے حوالے سے پوسٹ پر ایف آئی اے کو بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کیخلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزران کی جانب سے ایف آئی اے کے 31 مئی کے طلبی کے نوٹسز کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست گزار وکیل کے مطابق درخواست گزران کا اس ٹویٹر اکاؤنٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اس ٹویٹر اکاؤنٹ کو آپریٹ نہیں کرتے۔

وکیل کے مطابق درخواست گزران کو خدشہ ہے کہ ایف ائی اے کی جانب سے گرفتار کر لیا جائے گا۔ درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کیے جاتے ہیں۔

دریں اثناء درخواست گزاران ایف آئی اے کے پاس پیش ہوکر بیانات ریکارڈ کروائیں اور آئندہ سماعت تک درخواست گزاران کو ہراساں نہ کیا جائے اور ان کیخلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔

کیس کو 25 جون 2024 کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی متنازعہ ٹوئٹ معاملہ، روٴف حسن اور بیرسٹر گوہر کے بیان قلمبند

اسلام آباد:بانی تحریک انصاف کے اکاوٴنٹ سے متنازعہ ٹوئٹ کے معاملہ پر ایف آئی اے نے ترجمان تحریک انصاف روٴف حسن اور بیرسٹر گوہر کے بیان قلمبند کر لیے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے روٴف حسن سے چار گھنٹے تک تفتیش کی جبکہ بیرسٹر گوہر سے ایف آئی اے نے دو گھنٹے تک سوالات کیے تھے، تفتیشی ٹیم نے دونوں رہنماوٴں کو 21 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا۔

سوالنامہ میں پوچھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹویٹر اکاوٴنٹ ان کی غیر موجودگی میں کون چلاتا ہے ؟ بانی پی ٹی آئی کی غیر موجودگی میں کس کی اجازت سے مواد اپلوڈ ہوتا ہے، متنازعہ ٹویٹ کس کی اجازت سے اپلوڈ کیا گیا تھا، متنازعہ ٹویٹ کو ابھی تک ڈیلیٹ نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوٴں نے الگ الگ سوالوں کا جواب نامہ تفتیشی ٹیم کو جمع کروا دیا، دونوں رہنماوٴں نے جواب نامہ جمع کروانے کے بعد بیان الگ سے بھی ریکارڈ کروایا، تفتیشی ٹیم دونوں رہنماوٴں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ طلب کرے گی۔

آخر میں دونوں رہنماوٴں نے ایف آئی اے کو دوبارہ طلب کرنے پر پیش ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی، ایف آئی اے کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی پانی اور جوس سے تواضع بھی کی گئی ، تفتیش کے بعد روٴف حسن میڈیا کے سوالوں کا جواب دیئے بغیر روانہ ہوگئے۔

Comments are closed.