وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق جواب طلب
فائل:فوٹو
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ججز کے بارے میں نامناسب الفاظ کہنے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، اشباء کامران کی درخواست پر جسٹس محمد وحید خان نے سماعت کی۔
درخواست میں وفاق کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم فریق بنایا گیا ہے۔
دوران سماعت جسٹس وحید خان نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کہ یہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے بھی یہی سوال اٹھایا تھا۔
وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اٹارنی جنرل نے واضح کیا تھا کہ وزیراعظم نے یہ بات موجودہ ججز کے بارے میں نہیں کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس تحریری آرڈر موجود ہے؟ جس پر وکیل وفاقی حکومت کا کہنا تھا کہ ابھی تحریری آرڈر سپریم کورٹ سے نہیں ملا۔
بعدازاں عدالت نے وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
Comments are closed.